منگل, جنوری 28, 2025
اشتہار

پی ڈی ایم کا 18 اکتوبر کو کراچی میں جلسے کا اعلان

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے 18 اکتوبر کو کراچی میں جلسے کا اعلان کردیا۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے پیپلزپارٹی کے تحفظات کے بعد کوئٹہ میں جلسہ ملتوی کرتے ہوئے 18 اکتوبر میں کراچی میں جلسے کا اعلان کردیا جس کی میزبانی پیپلزپارٹی کرے گی۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی کو پی ڈی ایم کا سیکریٹری جنرل نامزد کیا گیا ہے، راجہ پرویز اشرف پی ڈی ایم کے سینئر نائب صدر ہوں گے۔

- Advertisement -

پی ڈی ایم 22 نومبر کو پشاور، 25 نومبر کو کوئٹہ، 30 نومبر کو ملتان، 13 دسمبر کو لاہور، 16 دسمبر کو گوجرانوالہ اور 27 دسمبر کو لاڑکانہ میں جلسہ کرے گی۔

اسٹیئرنگ کمیٹی باقی عہدیداروں کا چناؤ کرے گی، احسن اقبال

مسلم لیگ ن کے مرکزی نائب صدر احسن اقبال نے کہا کہ کراچی کوئٹہ پروگرام میں تحفظات تھے اس لیے تاریخ تبدیل کی، آج کے اجلاس میں بغاوت کے مقدمے پر بھی گفتگو ہوئی۔

احسن اقبال نے بتایا کہ راجہ پرویز اشرف کو سینئر نائب صدر پی ڈی ایم چنا گیا ہے، ، سیکریٹری انفارمیشن کے لیے میاں افتخار کو منتخب کیا گیا ہے، اسٹیئرنگ کمیٹی باقی عہدیداروں کا چناؤ کرے گی۔

ملک میں انتخابات آئین کے تحت ہونا چاہئے، شاہد خاقان عباسی

سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ ملک میں انتخابات آئین کے تحت ہونے چاہئیں، آج کے اجلاس میں پی ڈی ایم کا مرکزی اسٹرکچر طے کیا گیا ہے، پاکستان کے عوام کا ایک سیلاب تحریک کے ساتھ ہوگا۔

مہنگائی اور بیروزگاری میں اضافہ ہوتا جارہا ہے، راجہ پرویز اشرف

پیپلزپارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ آج ملک میں ہر شخص پریشان ہے، مہنگائی اور بیروزگاری میں اضافہ ہوتا جارہا ہے، معیشت کا برا حال ہے، مسائل بڑھتے جارہے ہیں۔

انتخابات کے نتائج کو مسترد کرتے ہیں، میاں افتخار حسین

عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے رہنما میاں افتخار حسین نے کہا کہ انتخابات کے نتائج کو مسترد کرتے ہیں، ہم چاہتے ہیں نئے شفاف الیکشن ہوں، تمام قوتوں سے کہوں گا کہ یہ وقت ہے ہماری آواز سنی جائے، اپوزیشن پر مقدمے نہ بنائے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم میں تمام اپوزیشن جماعتوں کے ممبران شامل ہیں، میں بطور پی ڈی ایم سیکریٹری انفارمیشن کام کروں گا۔

موجودہ حکومت نے کوئی کام نہیں کیا، غفور حیدری

جمعیت علما اسلام (ف) کے رہنما غفور حیدری نے کہا کہ تحریک کے لیے فضل الرحمان کا انتخابات کیا جس پر مشکور ہوں۔انہوں نے کہا کہ ڈھائی سال بڑا عرصہ ہوتا ہے، موجودہ حکومت نے کوئی کام نہیں کیا، حکومت کا گھر جانا اب بہت ضروری ہوگیا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں