آکلینڈ : نیوزی لینڈ میں کرونا وائرس کو دوسری شکست کا سامنا کرنا پڑا، وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن نے پھر فتح کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کی مہلک ترین وبا کی دوسری لہر نے وائرس سے نجات پانے والے ممالک کو مشکلات سے دوچار کردیا کیونکہ لاک ڈاون کھلونے کے بعد کچھ روز بعد ہی نئے کیسز رپورٹ ہونے لگے تھے۔
نیوزی لینڈ کو بھی اسی مشکل کا سامنا کرنا پڑا تھا جہاں وائرس کی دوسری لہر نے ملک کو دوبارہ لاک ڈاون کی جانب دھکیل دیا تھا تاہم اب وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن نے وائرس کو ایک مرتبہ پھر شکست دینے کا اعلان کردیا ہے۔
نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم نے کہا کہ ملک کے سب سے بڑے شہر میں پابندیوں کو کم کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ آکلینڈ میں 12 دن سے کوئی نیا کیس سامنے نہیں آیا ہے، اب یہ وائرس قابو میں ہے اور دوسرا لاک ڈاؤن برداشت کرنے پر مکینوں کو شکریہ ادا کیا۔
خیال رہے کہ نیوزی لینڈ میں کرونا کے خاتمے کے 102 دن بعد مہلک وائرس کے گزشتہ روز نئے کیسز رپورٹ ہوئے تھے، جس کے بعد کرونا کی نئی لہر کے پیش نظر نیوزی لینڈ میں دوبارہ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا تھا اور شہریوں کو گھروں میں رہنے کی تلقین کی گئی تھی۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ میں رواں سال مئی سے کرونا کیسز رپورٹ ہونا بند ہوگئے تھے جس کے بعد حکومت نے جون میں کرونا کے خاتمے کا اعلان کردیا تھا۔ لیکن اس کے بعد جون اور جولائی میں دوبارہ کچھ کیسز رپورٹ ہوئے لیکن حکومت نے مذکورہ مریضوں کی تصدیق نہیں کی تھی۔