دوحہ: قطرایئرویز نے اساتذہ کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے اعزاز کے طور پر مفت میں بین الاقوامی پروازوں کے ریٹرن ٹکٹس دینے کا اعلان کیا ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اساتذہ کے عالمی کے دن کے موقع پر قطرایئرویز نے اساتذہ کو اعزازی ٹکٹیں دینے کا اعلان کیا، شعبہ تعلیم سے تعلق رکھنے والے 21 ہزار پروفیشنل ٹیچرز کو بین الاقوامی پروازوں کی ریٹرن ٹکٹیں دی جائیں گی، جس کے ذریعے وہ بیرون ملک جاکر سیر وتفریح کرسکیں گے۔
رپورٹ کے مطابق قطرایئرویز نے عالمی وبا کروناوائرس کے دوران بھی اپنی خدمات انجام دینے پر اساتذہ کا شکریہ ادا کیا، فری ٹکٹس کے ذریعے ٹیچرز دنیا کے 75 سے زائد ممالک میں سے کسی بھی ملک جاسکیں گے۔
ایئرویز نے ٹکٹوں کی رجسٹریشن کا آغاز کردیا ہے جس کی مدت 5 اکتوبر سے 8 اکتوبر تک ہے، اس دوران جو استاد پہلے آئے گا اس کی رجسٹریشن پہلے ہوگی اور 21 ہزار ٹکٹیں مکمل ہونے پر یہ سہولت بند کردی جائے گی۔
قطرایئرویز نے یہ بھی اعلان کیا ہے اساتذہ کو ایک ووچر بھی دیا جائے گا جس کے تحت مستقبل میں بین الاقوامی پروازوں کے لیے ریٹرن ٹکٹ خریدنے پر 50 فیصد رعایت دی جائے گی جس کی معیاد اگلے سال 30 ستمبر تک ہوگی۔
ووچر کے ذریعے 50 فیصد رعایت پر ٹکٹ کسی دوست، خاندان کے فرد یا استاد خود بھی سفر کے لیے خرید سکتا ہے۔ قطر ایئرویز گروپ کے چیف ایگزیکٹو اکبر ال بیکر نے بھی اساتذہ کا شکریہ ادا کیا۔