اسلام آباد : نیپرا نے بجلی کی قیمت 83پیسے فی یونٹ مہنگی کردی، بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق رواں ماہ صارفین کے بلوں پر ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق مہنگائی میں پسے عوام پر بجلی بم گرادیا گیا ، نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے بجلی کی قیمت میں 83پیسے فی یونٹ کا اضافہ کردیا ، بجلی کی فی یونٹ قیمت کا اضافہ جولائی 2020کی مد میں کیا گیا۔
نیپرا کی جانب سے اعلامیہ میں کہا گیا کہ بجلی کی قیمت میں83پیسے فی یونٹ اضافہ لائف لائن کنزیومرز پر نہیں ہوگا ، جولائی کے فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز اکتوبر کے بلوں میں وصول کئے جائیں گے۔
نیپرا کے مطابق کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے صارفین پر 10 ارب روپے سے زائد اضافی بوجھ پڑے گا۔
خیال رہے دو روز قبل وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے کابینہ اجلاس نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے30 ستمبر کے فیصلوں کی توثیق کردی تاہم بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافےکی منظوری نہیں دی گئی تھی۔
وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پرقیمتوں میں اضافے کا فیصلہ مؤخر کردیا گیا تھا۔