اسلام آباد : صدر ڈاکٹرعارف علوی نے نئے نیول چیف کوعہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
تفصیلات کے مطابق صدر عارف علوی سے چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمدامجدخان کی ملاقات ہوئی ، جس میں صدرڈاکٹرعارف علوی نے نئےنیول چیف کوعہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔
صدرعارف علوی نے کہا کہ پاکستان کی بحری حدودکےدفاع میں پاکستان نیوی کاکلیدی کردارہے جبکہ پاک نیوی گوادرپورٹ اور سی پیک سیکیورٹی میں اہم کردارادا کررہی ہے۔
ڈاکٹرعارف علوی نے چیف آف نیول اسٹاف کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا نیوی ایڈمرل امجدخان نیازی کی قیادت میں سمندری چیلنجزپر قابو پائے گی۔
یاد رہے گذشتہ روز ایڈمرل امجد خان نیازی نے بطور نیول چیف پاک بحریہ کی کمانڈ سنبھال لی تھی، ایڈمرل امجد خان نیازی پاک بحریہ کے 22 ویں سربراہ ہیں۔
ایڈمرل امجدخان نیازی اہم عہدوں پر فرائض انجام دے چکے ہیں، وائس ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے سنہ 1985 میں آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا اور کمیشننگ کےموقع پر پی این اے سے اعزازی شمشیر حاصل کی۔
امجد خان نیازی متعدد کمانڈ اور اسٹاف عہدے پر کام کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں، وہ کمانڈنٹ پاکستان نیوی وار کالج لاہور میں بھی فرائض انجام دے چکے ہیں جبکہ وہ کمانڈر پاکستان فلیٹ اور کمانڈر کراچی بھی رہ چکے ہیں۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق محمد امجد خان نیازی چیف آف دی نیول اسٹاف کے پرنسپل سیکریٹری اور ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف ٹریننگ اینڈ ایوالیوایشن کے عہدے پر بھی رہے جبکہ ڈی جی نیول انٹیلی جنس کے عہدے پر خدمات انجام دیں۔
محمد امجد خان نیازی اس وقت چیف آف اسٹاف آپریشنز کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں، انہیں ہلال امتیاز ملٹری اور ستارہ بسالت سے بھی نوازا جا چکا ہے جبکہ انہیں فرانس کی جانب سے شیویلئے (نائٹ) میڈل سے بھی نوازا گیا۔