تازہ ترین

بیٹی کے ساتھ بائیک پر کراچی سے خنجراب تک سفر کرنے والا باپ

کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے رہائشی قاضی فاروقی نے اپنی بیٹی کے ساتھ بائیک پر پاکستان ٹور کر کے منفرد مثال قائم کردی، ان کی بیٹی خود بھی بائیک چلانا جانتی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اے آر وائی ڈیجیٹل کے مارننگ شو گڈ مارننگ پاکستان میں ایسے والد اپنی بیٹی کے ساتھ شریک ہوئے جنہوں نے بیٹی کے ساتھ بائیک پر پورے پاکستان کا سفر کیا۔

قاضی فاروقی بتاتے ہیں کہ وہ اپنے بیٹے کے ساتھ بائیک پر پاکستان ٹور پر نکلے تھے اور جب واپس آئے تو ان کی بیٹی بھی ساتھ چلنے کی ضد کرنے لگیں۔

انہوں نے ایک لمحے کے لیے بھی کسی قسم کی تفریق نہیں برتی اور اگلے سال بیٹی کو بائیک پر لے کر پاکستان ٹور پر نکل کھڑے ہوئے۔

قاضی فاروقی کی بیٹی غزل فاروقی خود بھی بائیک چلانا جانتی ہیں اور یونیورسٹی کے 4 سال انہوں نے بائیک پر سفر کر کے گزارے، انہوں نے انجینیئرنگ کی تعلیم حاصل کر رکھی ہے۔

والد کے ساتھ بائیک پر پاکستان ٹور ان کی زندگی کے یادگار لمحات تھے۔ وہ بتاتی ہیں کہ وہ گھر سے سوچ کر نکلی تھیں کہ انہیں باتھ روم وغیرہ کی مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے تاہم راستے میں انہیں پیٹرول پمپس پر صاف ستھرے باتھ رومز ملے جس سے ان کی مشکلات کافی کم ہوئیں۔

دونوں باپ بیٹی نے کراچی سے لے کر خنجراب پاس تک سفر کیا جس میں انہیں 11 دن لگے۔

قاضی فاروقی اگلے سال اپنی بیگم کو اسی طرح پاکستان ٹور پر لے جانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ان کا ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہے اور دونوں میں انہوں نے کبھی تفریق نہیں کی۔

Comments

- Advertisement -