نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستانی نائب مستقل مندوب عامر خان کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ میں کشمیری بچوں پر تشدد پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا، رپورٹ میں 68 تصدیق شدہ واقعات کا حوالہ دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستانی نائب مستقل مندوب عامر خان نے مسلح تنازعات کے بچوں پر اثرات کےمعاملے پر ایس آر ایس جی سے باہمی مکالمے کے دوران کہا کہ 70 سال سے کشمیری بچوں کو بھارتی فورسز کے ظلم کا سامنا ہے۔
نائب مستقل مندوب کا کہنا تھا کہ 5 اگست کے غیر قانونی اقدام کے بعد بچوں پر مظالم شدت اختیار کر گئے۔
انہوں نے کہا کہ رواں سال بچوں اور مسلح تنازعات سے متعلق رپورٹ جاری ہوئی، اقوام متحدہ کی اس رپورٹ میں کشمیری بچوں پر تشدد پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔ رپورٹ میں 68 تصدیق شدہ واقعات کا حوالہ دیا گیا، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر رپورٹنگ جاری رکھنے کی اپیل ہے۔
نائب مستقل مندوب کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز نے بچوں کو حراست میں لیا، 9 تا 17 سال کے بچوں پر قومی سلامتی سے متعلق الزامات لگائے گئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عالمی برادری بھارتی حکومت پر بچوں کی حفاظت کے لیے اقدامات پر زور دے۔