جمعہ, دسمبر 27, 2024
اشتہار

مہنگائی ایکشن پلان: اعلیٰ سطح اجلاس مؤخر

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: مہنگائی اور اشیا کی قیمتوں میں کمی سے متعلق حکومتی ایکشن پلان کے لیے وزیر اعظم کی زیر صدارت آج ہونے والا اعلیٰ سطح اجلاس مؤخر کر دیا گیا۔

ذرایع کا کہنا ہے کہ اعلیٰ سطح اجلاس سے قبل ٹائیگرز فورس کی ممکنہ ذمہ داریوں پر بریفنگ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وزیر اعظم نے اس سلسلے میں معاون خصوصی عثمان ڈار کو ملاقات کے لیے بلا لیا۔

عثمان ڈار ٹائیگرز فورس کو متحرک کرنے کا وزیر اعظم کو جامع روڈ میپ پیش کریں گے۔

- Advertisement -

اب مہنگائی میں کمی کے لیے اعلیٰ سطح اجلاس کل شام کو ہوگا، جس کے لیے وزیر اعظم نے صوبائی چیف سیکریٹریز اور معاشی ٹیم کو بھی طلب کر لیا ہے، اجلاس میں مہنگائی اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف ایکشن لینے کی منظوری دی جائے گی۔

یاد رہے کہ وزیر اعظم نے آج سے مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی پر ایکشن کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ مہنگائی روکنے کے لیے ریاستی وسائل کا استعمال کیا جائے گا، وزیر اعظم نے صوبائی وزرائے اعلیٰ سے بھی اس سلسلے میں حتمی سفارشات طلب کر لی ہیں۔ صوبوں کی سفارشات کی روشنی میں وفاقی حکومت ایکشن پلان کا اعلان کرے گی۔

دوسری طرف وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس بھی کل ہوگا، وفاقی کابینہ 12 نکاتی ایجنڈے پر غور کرے گی، کابینہ کو اسلام آباد میں تجاوزات ہٹانے سے متعلق بریفنگ دی جائے گی، امپورٹ ایکسپورٹ بینک آف پاکستان ایکٹ 2020 کی منظوری دی جائے گی، کابینہ پی آئی اے بورڈ کے لیے ڈائریکٹرز کی نامزدگی کی منظوری بھی دےگی۔

اجلاس کے ایجنڈے میں یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تشکیل نو کی منظوری بھی شامل ہے، سیلاب متاثرہ افریقی ملک نائجر کے لیے امدادی سامان بھیجنے پر غور کیا جائے گا، نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے مسائل کے حل کے لیے کمیٹی کا معاملہ بھی ایجنڈے میں شامل کیا گیا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں