کراچی : پی آئی اے کی انتظامیہ نے اپنے ملازمین کو عالمی مہلک وبا کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے نئی ہدایات جاری کی ہیں ان ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کرنے کا حکم بھی دے دیا گیا ہے۔
پی آئی اے انتظامیہ نے ملازمین کیلئے کورونا وائرس سے متعلق نئی ایس او پیز جاری کردیے ہیں، اس حوالے سے پی آئی اے کے شبعہ ہیومن ریسورس نے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نئے ایس اوپیز کے تحت تمام متعلقہ محکموں اور افسران کو ہدایات پر سختی سے عملدرآمد کروانے کے لیے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ دفتری اوقات میں فیس ماسک کا استعمال لازمی کیا جائے، ہاتھ ملانے اور گلے ملنے پر بھی پابندی، برقرار رہے گی اس کے علاوہ کھانسی، بخار اور زکام والے افراد سے دور رہنے کی ہدایت بھی کئی ہے۔
پی آئی اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کسی بھی ملازم کو بخار، کھانسی یا نزلہ ہونے کی شکایت پر اسے فوری طور پر چھٹی یا آئیسولیٹ کیا جائے گا، دفتری میٹنگز ویڈیو کانفرنس کے ذریعے کی جائیگی اور اہم میٹنگ میں تین فٹ کا فاصلہ رکھا جائیگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پی آئی اے کی انتظامی کارروائیوں یا کاغذی دستاویز کو فائلز کی صورت میں ڈیجیٹلی کمپیوٹرائزڈ منتقل کیا جائے گا، ملاقاتیوں کے آنے پر پابندی عائد ہے تاہم صرف ایمرجنسی کی صورت میں ملنے کی اجازت ہوگی۔