لاہور : قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے چیف سلیکٹر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا، ان کے پاس ہیڈکوچ اور چیف سلیکٹر کا عہدہ موجود تھا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق ایک اور عہدہ سے مستعفی ہوگئے، انہوں نے بحیثیت چیف سلیکٹر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ مصباح الحق کے پاس ہیڈکوچ اور چیف سلیکٹر کا عہدہ موجود تھا، ان دو عہدوں کے باعث انہیں شدید دباؤ کا سامنا تھا۔
ہیڈ کوچ مصباح الحق میڈیا کو اپنے استعفے کی وجوہات سے آگاہ کرنے کیلئے آج دوپہر ڈیڑھ بجے پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔
ذرائع کے مطابق دباؤ کے باعث انہیں کس عہدے سے دستبردارہونا ہے،پی سی بی نے اس بات کا فیصلہ مصباح الحق پر چھوڑا تھا۔ قومی ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق کو ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر کی ذمہ داریاں 4 ستمبر 2019 کو دی گئی تھیں تاہم انہیں ٹیم کی پرفارمنس پر شدید تنقید کا سامنا رہا، پاکستان میں پہلی بار دونوں بڑے عہدے ایک ساتھ دے کر تجربہ کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل قومی ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق نے گزشتہ سال اگست میں پی سی بی کرکٹ کمیٹی سے استعفیٰ دیا تھا۔ کرکٹ کمیٹی سے استعفیٰ انہوں نے قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کے عہدہ حاصل کرنے کے لیے دیا تھا۔