فونیکس : امریکی ریاست ایروزونا میں میاں بیوی کو اپنے گھر کے پچھلے صحن کے اندر ایک ہوائی جہاز کا ٹکڑا ملا ہے جسے دیکھ کر وہ خوفزدہ ہوگئے۔
اریزونا کے علاقے فونیکس میں رہائش پذیرمیاں بیوی نے میڈیا کو بتایا کہ انہیں اپنے پچھلے صحن میں ایک پراسرار چیز ملی ہے جسے دیکھ کر ایسا لگتا ہے ک یہ کسی ہوائی جہاز سے گر گیا ہے۔
چارلی اور جیکلن ہائی کا کہنا تھا کہ دھات کا یہ سفید ٹکڑا جو دیکھنے میں ہوائی جہاز کا چھوٹا سا دروازہ لگتا ہے، ان کے گھر کے پچھلے حصے میں قائم صحن میں پایا گیا تھا۔
چارلی ہائی نے میڈیا کو بتایا کہ سفید رنگ کا یہ ٹکڑا صحن کی زمین پر پڑا ہواتھا، میں نے اسے اٹھایا اور دیکھا تو اس پر کچھ لکھا ہوا تھا جس سے مجھے فوراً خیال آیا کہ یہ یقیناً کسی جہاز سے گرا ہے۔
میں نے خدا کا شکر ادا کیا کہ اس وقت گھر کے صحن میں بچے موجود نہیں تھے یہاں تک کہ میرے پالتو کتے بھی گھر کے اندر تھے، اس کے علاوہ ہمارا پالتو کچھوا بھی یہیں ہوتا ہے جو محفوظ رہا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چارلی نے بتایا کہ میں نے اس ٹکڑے کے ارد گرد نظر ڈالی یہ دیکھنے کے لیے کہ یہاں کوئی اور چیز تو موجود نہیں جیسے کوئی اور ٹکڑا ہو یا اس کے علاوہ کوئی اور چیز ہے۔
اس جوڑے نے بتایا کہ ان کا گھر اسکاٹسڈیل ہوائی اڈے سے صرف چند میل کے فاصلے پر ہے، جیکلن ہائی نے کہا کہ انہوں نے پراسرار چیز کے بارے میں جاننے کی غرض سے فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن سے رابطہ کیا ہے تاکہ اس قسم کے حادثات سے بچا جاسکے۔