لاہور: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) احسان مانی کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کے چھوٹے دورے سے آئندہ سال آسٹریلیا کو بھی پاکستان آنے میں اعتماد حاصل ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کے دورے سے پاکستان کرکٹ پر مثبت اثر پڑے گا، انگلینڈ کے 12سے13کھلاڑی پی ایس ایل بھی کھیلتے ہیں۔
احسان مانی نے کہا کہ چھوٹے دورے سے آئندہ سال آسٹریلیا کو بھی آنے میں اعتماد حاصل ہوگا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس دورے کے بعد2022میں انگلینڈ ٹیم دوبارہ پاکستان آئے گی، غیرملکی ٹیموں کے چھوٹے دوروں سے ٹیموں کا پاکستان پر اعتماد بحال ہوگا۔
خیال رہے کہ انگلش کرکٹ بورڈ(ای سی بی) نے دورہ پاکستان کے لیے پی سی بی سے بات چیت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالات کا جائزہ لینے کے بعد حتمی فیصلہ کریں گے۔
انگلینڈ کی ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی یا نہیں؟ انگلش بورڈ کا اہم مؤقف
واضح رہے کہ 15 سال بعد پاکستان میں انگلش ٹیم کی آمد کی امید روشن ہوگئی، پی سی بی سی ای او وسیم خان نے انگلینڈ کو مختصر دورے کی دعوت دی ہے، انگلش ٹیم اگلے سال کے آغاز میں پاکستان کا دورہ کرسکتی ہے۔
انگلش ٹیم جنوری میں پاکستان کا دورہ کرسکتی ہے جبکہ جنوری کے آخر میں جنوبی افریقا کی ٹیم بھی پاکستان آئے گی۔ جنوبی افریقا کا سیکیورٹی وفد یکم نومبر کو پاکستان پہنچے گا۔