کراچی: قومی ایئر لائن نے بیرون ملک جانے والے مسافروں کے لیے کرونا ٹیسٹ سے متعلق ہدایات نامہ جاری کر دیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پی آئی اے کی پروازوں سے بیرون ملک جانے والے مسافروں کے لیے مختص کردہ لیبارٹریز ہی سے ٹیسٹ کرانا لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں پی آئی اے نے مسافروں کے لیے کرونا ٹیسٹ کے لیے لیبارٹریوں کی فہرست بھی جاری کر دی ہے۔
ہدایات کے مطابق دبئی اور شارجہ جانے والے مسافروں کو شوکت خانم اور آغا خان لیبارٹری سے کرونا ٹیسٹ کروانا لازمی ہے، ابوظبی جانے والے مسافر ایکسل لیب، شفا لیب، ایڈوانس لیبارٹری سے ٹیسٹ کروائیں گے۔
دوحہ جانے والے مسافروں کو ایکسل لیب، آغا خان لیب اور ڈاکٹر عیسیٰ لیبارٹری سے ٹیسٹ کروانے کی ہدایات دی گئی ہیں، جب کہ کویت جانے والے مسافر جیری لیب اور شوکت خانم سے کرونا ٹیسٹ کروائیں گے۔
چین جانے والے مسافر ایڈوانس لیب، چلڈرن اسپتال، شفا انٹرنیشنل اسپتال اور معروف انٹرنیشنل اسپتال سے کرونا ٹیسٹ کروائیں گے۔
دبئی کا سفر کرنے والوں کے لیے نئی سفری ہدایت جاری
سعودی عرب اور کینیڈا جانے والے مسافروں کے لیے ایکسل لیب، آغا خان لیب، ڈاکٹر عیسیٰ لیبارٹری، شوکت خانم لیبارٹری اور شفا لیب سے کرونا ٹیسٹ کروانا لازمی ہوگا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز دبئی حکام کی جانب سے بھی پاکستانیوں کو نئی ٹریول ایڈوائزری میں خبردار کیا گیا تھا کہ صرف ان لیبارٹریز کی کرونا ٹیسٹ رپورٹس قابل قبول ہیں جو دبئی حکام کے ساتھ رجسٹرڈ ہیں۔