لاہور : احتساب عدالت نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے خلاف 12 پلاٹوں کی انکوائری بند کرنے کا حکم دے دیا، نیب نے کہا شہباز شریف پر لگائے گئے الزامات ٹریس ایبل نہیں۔
تفصیلات کے مطابق حتساب عدالت میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کیخلاف 12 پلاٹوں کی انکوائری بند کرنےکیلئے درخواست پر سماعت ہوئی۔
نیب ریفرنس میں موقف اختیار کیا گیا کہ ایل ڈی اے بلڈنگ میں آتشزدگی کے باعث تمام ریکارڈ جل کر خاکستر ہو چکا ہے، شہباز شریف پر لگائے گئے الزامات ٹریس ایبل نہیں، ان کے ملوث ہونے کے کوئی شواہد نہیں ملے۔
ریفرنس میں کہا گیا انکوائری میں نامزد میاں عطاءاللہ اور میاں رضا عطا اللہ وفات پا چکے ہیں، سابق وزیراعلی پنجاب کیخلاف من پسند افراد کو بارہ پلاٹ دینے سے متعلق انکوائری 20 سال سے التوا کا شکار تھی۔
قانون کے مطابق دس دس مرلہ کے پلاٹ دینے تھے تاہم انہوں نے من پسند افراد کو ایک ایک کنال کے پلاٹ دیے اور جب نیب نے تفتیش شروع کیں تو مبینہ طور پر پلاٹوں کی منسوخی کا حکم دیدیا گیا۔
احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے نیب کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے شہباز شریف کے خلاف 12 پلاٹوں کی انکوائری بند کرنے کا حکم دے دیا۔