لاہور: پنجاب حکومت نے صوبے میں تعلیم کے فروغ کے لئے زبردست اقدام کرتے ہوئے پانچ ہزار ٹیچرز بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں صوبائی وزیر ہائیر ایجوکیشن پنجاب راجہ یاسر ہمایوں نے پنجاب حکومت کے اس فیصلے کی خوشخبری سنائی۔
راجہ یاسر ہمایوں نے بتایا کہ پانچ ہزار بھرتیاں سرکاری اسکولز اور کالجز میں دو مرحلوں میں پنجاب پبلک سروس کمیشن کے تحت کی جائے گی، کامیاب امیدواروں کو پنجاب کے کسی بھی اضلاع میں تعینات کیا جائے گا۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر ہائیر ایجوکیشن پنجاب نے اعتراف کیا کہ بدقسمتی سے ہمارے گریجویٹ عالمی معیار کے نہیں ہے، ہماری حکومت کی کوشش ہے کہ ایسے تعلیمی رجحانات کو فروغ دیا جائے کہ ہمارے گریجویٹ نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر کے تعلیمی اداروں میں نوکریاں حاصل کرسکے۔
پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے راجہ یاسر ہمایوں کا کہنا تھا کہ صوبے پنجاب میں تعلیم کے فروغ کے لئے عالمی معیار کے مطابق دو سالہ ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرام پہلے ہی ترتیب دیا جا چکا ہے، تاہم کرونا وبا کے باعث اس میں کچھ تاخیر ہوگئی ہے، اس کے علاوہ چار سالہ ڈگری پروگرام کو جدید خطوط پر استوار کررہے ہیں۔