پشاور : دیر کالونی میں مدرسے میں دھماکے کی تفتیش جاری ہے، پورے علاقے کی موبائل کالز کا ڈیٹا حاصل کرکے دھماکہ سے پہلے اور بعد کی ریکارڈ فون کالز کی جانچ پڑتال کی جارہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پشاور کے علاقہ دیر کالونی میں جیوفنسنگ کا عمل جاری ہے ،تحقیقات کا دائرہ کار مزید وسیع کرکے پورے علاقے کی موبائل کالز کا ڈیٹا حاصل کرلیا گیا ہے اور فون کالز کی جانچ پڑتال کی جارہی ہے۔
پولیس کی جانب سے دیرکالونی میں سرچ آپریشن کا سلسلہ تیسرے روز بھی جاری رہا، دھماکے سے متاثرہ مدرسے میں زیرتعلیم تمام طلباء کو واپس بھیج دیا گیا ہے۔
پولیس نے عینی شاہدین کے بیانات قلمبند کرکے تحقیقات کا دائرہ کار مزید وسیع کردیا ہے ،قلمبند بیانات کی مدد سے مدرسے میں بارودی مواد لانے والے ملزم کا خاکہ تیار کیا جارہا ہے جبکہ گزشتہ روزگرفتار مشتبہ افراد کا ڈیٹا مکمل کرنے کا عمل جاری ہے۔
یاد رہے دیرکالونی دھماکے سے متعلق ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ مدرسےاور آنےوالے طلبا کی ریکی کی گئی، گزشتہ روز مدرسے کےغسل خانوں میں مرمتی کام بھی جاری تھا تو مرمتی کام کرنیوالے مزدوروں سے بھی تفتیش جاری ہے۔
تحقیقاتی ٹیم کا کہنا تھا کہ مدرسے میں زیر تعلیم ایک طابعلم کو حراست میں لے لیا ہے ، جس سے تفتیش جاری ہے جبکہ دیگر طلبا کا ریکارڈ ، کوائف کی جانچ پڑتال بھی کی جارہی ہے۔
واضح رہے پشاور کے مدرسے میں دھماکے کے نتیجے میں سات افراد شہید اور چھیانوے زخمی ہوگئے تھے ، پولیس کے مطابق دھماکا ٹائم ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا، جس میں پانچ سے چھ کلو کا بارودی مواد شامل تھا جبکہ اے آئی جی بم ڈسپوزل کے مطابق دھماکہ منظم گروپ کی کارروائی لگتا ہے۔