دنیا بھر میں مختلف کمپنیوں کو ایسے افراد کی تلاش ہوتی ہے جو قابل اور ذہین ہوں اور کمپنی کی ترقی میں اضافے کے لیے کام کریں، ایسی ہی ایک کمپنی نے بھی اسی مقصد کے لیے ایک اسامی کا اعلان کیا ہے جس میں ملازم کو انٹرنیٹ پر بیٹھ کر صرف اپنا وقت ضائع کرنا ہوگا۔
ناروے کی ویب براؤزنگ کمپنی اوپرا نے اعلان کیا ہے کہ انہیں ایک ایسے شخص کی ضرورت ہے جو 2 ہفتے تک صرف ان کا براؤزر استعمال کرے۔
اس مقصد کے لیے کمپنی 9 ہزار ڈالرز (14 لاکھ 41 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) کی تنخواہ دینے کو تیار ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ منتخب کردہ شخص 2 ہفتے تک معمولی نوعیت کی آن لائن سرگرمیاں انجام دے گا جیسے براؤزر پر میمز تلاش کرنا، جانوروں کی ویڈیوز دیکھنا جبکہ اوپرا کے سوشل میڈیا چینلز کی لائیو اسٹریمنگ کو بھی دیکھنا ہوگا۔
اوپرا کی ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ کمپنی کو ایک ایسا شخص درکار ہے جو اس غیر مقبول براؤزر کو استعمال کرنے کے تجربے کو دنیا کے ساتھ شیئر کرے۔
کمپنی ترجمان کے مطابق دلچسپی رکھنے والے افراد کو 15 سے 60 سیکنڈز کے درمیان ایک ویڈیو ریکارڈ کر کے بھیجنی ہوگی جس میں انہیں کوئی ایسی عجیب صورتحال شیئر کرنی ہوگی جس میں انہیں انٹرنیٹ براؤزنگ کا سہارا لینا پڑا۔
کمپنی 13 نومبر تک درخواستیں وصول کرے گی۔