لاہور : پنجاب کے وزیر تعلیم مراد راس کا کہنا ہے کہ کورونا کیسز میں مزید اضافہ ہوا ہے لیکن الارمنگ صورتحال نہیں ہے، اگر پہلے والی صورتحال ہوئی تو اسکول دوبارہ بند کیے جا سکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے پرائمری گورنمنٹ گلاب دیوی اسکول میں پنجاب کے سواسکولز میں اللہ والے ٹرسٹ کے تعاون سے روزانہ 23 ہزار بچوں میں ایک وقت کا مفت کھانا تقسیم کرنے کی مہم کا افتتاح کیا۔
جس کے بعد انہوں نے بچوں میں کھانا تقسیم کیا اور خود بھی ان کے ساتھ کھانا کھایا۔
میڈیا سے گفتگو میں مراد راس کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے پہلی تقریر میں کہا تھا کہ کھانا مناسب نہ ملے تو بچے کی نشوونما ٹھیک نہیں ہوتی۔نجی ٹرسٹ کے ساتھ ایک ایم او یوپر دستخط ہوئے ہیں، میری کوشش ہے کہ صوبے کے ساٹھ ہزار سکولز کو ایک وقت کا کھانا دیا جائے ۔
انہوں نے کہا کہ اسکولز میں سب سے زیادہ ایس او پیز پر عمل درآمد کیا جارہا ہے ، کورونا کیسز میں مزید اضافہ ہوا ہے لیکن الارمنگ صورتحال نہیں ہے، اگر پہلے والی صورتحال ہوئی تو اسکول دوبارہ بند کیے جا سکتے ہیں۔
یاد رہے چند روز قبل وزیر تعلیم پنجاب ڈاکٹرمراد راس نے اسکولوں کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا تھا کرونا صورتحال کاروزانہ کی بنیاد پرجائزہ لیا جا رہا ہے، پنجاب بھر کے اسکولوں میں روزانہ کوروناٹیسٹ کئےجا رہے ہیں۔
مراد راس کا کہنا تھا کہ گزشتہ ہفتے میں کوروناکیسزمیں اضافہ ہوا،مگر حالات قابومیں ہیں، پنجاب میں اسکولز بندکرنےکاتاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے، ایس او پیزپرعملدرآمد کویقینی بناناانتہائی اہم ہے۔