کراچی : ضلع شرقی کے تعلیمی اداروں میں 216 طلبا و اساتذہ میں کورونا کی تصدیق ہوگئی جبکہ 363ٹیسٹ کے نتائج آنا باقی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت ٹیم کی جانب سے کراچی کے ضلع شرقی کے تعلیمی اداروں میں 9158 کوویڈ ٹیسٹ کئے ، جس میں سے 216 طلباء و اساتذہ کے ٹیسٹ مثبت اور 8939 طلبا واساتذہ کے ٹیسٹ نیگیٹو آئے۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس شرقی کاکہنا ہے کہ تعلیمی اداروں میں کئے گئے ٹیسٹوں میں سے 363 ٹیسٹ کے نتائج آنا باقی ہیں۔
یاد رہے گذشتہ روز صوبہ سندھ میں کورونا وائرس کے 556 نئے کیسز رپورٹ ہوئے تھے، جس کے بعد سندھ میں کورنا کیسز کی تعداد بڑھ کر ایک لاکھ 48 ہزار 343 ہو گئی ہے۔
وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ صوبے میں کورونا وائرس سے مزید 17 افراد اپنی جانوں سے گئے ، جس کے بعد سندھ میں اب تک کورونا وائرس کی وجہ سے ہونے والی اموات کی کل تعداد دو ہزار 664 ہو گئی۔
خیال رہے پاکستان میں کورونا کی ہلاکت خیزی میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا، مہلک وائرس چوبیس گھنٹے کے دوران مزید تیس جانیں نگل گیا، جس سے کورونا وائرس سے اب تک اموات کی تعداد چھ ہزار نو سو تئیس ہوگئی جبکہ چوبیس گھنٹے کے دوران تیرہ سو چھہتر نئے کیس بھی رپورٹ ہوئے۔