واشنگٹن: امریکا میں پاپ کارکن گلے میں پھنسنے سے کمسن بچی زندگی کی بازی ہار گئی۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست ورجینیا میں دو سالہ بچی میرانڈا پاپ کارکن گلے میں پھنس جانے کے باعث چل بسی، گلے میں پاپ کارن پھنسنے سے بچی کا دماغ بری طرح متاثر ہوا تھا۔
افسوسن ناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب بچی کی والدہ ایلیسن اپنی سالگرہ منانے میں مصروف تھیں اور ان کی کمسن بیٹی نے پاپ کارن کا دانا اٹھا کر کھایا تو وہ گلے میں پھنس گیا۔
بچی کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹر نے بتایا کہ میرانڈا کے دماغ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے، بچی چھ ماہ تک زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد دم توڑ گئی۔
میرانڈا کے قریبی عزیز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر والدین کو آگاہی فراہم کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ سب کچھ ایک پاپ کارن کے ٹکڑے کی وجہ سے ہوا، شاید اس بارے میں کسی کو علم نہ ہو، براہ کرم اپنے بچوں پر کڑی نگاہ رکھیں کہ وہ اس طرح کی کوئی چیز اٹھا کر نہ کھائیں جس کا ناقابل تلافی نقصان اٹھانا پڑے۔
این ایچ ایس اسپتال کا کہنا ہے کہ اس طرح کی غذا بچوں کے لیے خطرے کا باعث ہیں جن میں انگور، میوے جات، ابلی ہوئی مٹھائی، کچی جیلی کیوب اور دیگر سخت قسم کی غذائیں کھلاتے وقت محتاط رہیں۔