لاہور: صوبہ پنجاب میں کرونا وائرس کے 369 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ مزید 8 افراد کرونا وائرس سے جاں بحق ہوگئے۔ کرونا وائرس سے صحت یاب افراد کی تعداد 97 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب میں کرونا وائرس کے 369 نئے کیسز رپورٹ ہوگئے جس کے بعد صوبے میں کرونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 1 لاکھ 65 ہزار 77 ہوگئی۔
ترجمان محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ لاہور میں کرونا وائرس کے 154، ملتان میں 54، راولپنڈی میں 24 اور ڈیرہ غازہ خان میں 14 نئے کوویڈ کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔
ترجمان کے مطابق صوبے میں کرونا وائرس سے مزید 8 اموات ہوئیں جس کے بعد کوویڈ سے اموات کی مجموعی تعداد 2 ہزار 407 ہوگئی، کرونا وائرس سے صحت یاب افراد کی تعداد بھی 97 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔
پنجاب سمیت ملک بھر میں کرونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 3 لاکھ 43 ہزار 189 ہے جن میں سے فعال کیسز کی تعداد 17 ہزار 804 ہے۔
ملک میں کرونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہزار 968 ہوچکی ہے جبکہ صحت یاب افراد کی تعداد 3 لاکھ 18 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔