کراچی: پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ سدرہ بتول نے بیٹیوں کے ہمراہ تصاویر شیئر کیں جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔
تفصیلات کے مطابق اداکارہ سدرہ بتول نے گزشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنی بیٹی علایا کی تیسری سالگرہ کی تصاویر شیئر کیں جنہیں مداحوں کی جانب سے سراہا جارہا ہے۔
اداکارہ کی جانب سے پوسٹ کی جانے والی تصویروں میں ان کی دونوں بیٹیوں نے سفید رنگ کی خوبصورت فراکس زیب تن کی ہوئی ہیں۔
سدرہ بتول کی بیٹی کی سالگرہ کی تقریب میں دیگر فنکاروں سمیت اداکارہ ایمن خان اور نمرہ خان نے بھی شرکت کی۔
واضح رہے کہ اداکارہ سدرہ بتول کی شوبز میں تین سال بعد واپسی ہوئی ہے، انہوں نے شادی کے بعد شوبز سے عارضی طور پر کنارہ کشی اختیار کرلی تھی۔
سدرہ بتول نے سال 2017 میں احسن قریشی نامی شخص سے شادی کرکے اپنی نئی زندگی کا آغاز کیا جبکہ اُن کی دو بیٹیاں ہیں، اداکارہ کی بڑی بیٹی تین سال کی ہے جبکہ چھوٹی بیٹی ابھی گیارہ ماہ کی ہے۔
گزشتہ دنوں اداکارہ نے اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام ’گڈ مارننگ پاکستان‘ میں شرکت کی تھی، سدرہ بتول کا کہنا تھا کہ وہ خود چاہتی تھیں کہ شادی کے بعد فیملی کو وقت دیں، ان دنوں اچھے پراجیکٹس بھی ملے لیکن فیملی کو پہلی ترجیح دی۔
انہوں نے کہا کہ ابھی ان کے کافی پروجیکٹس ایسے ہیں جو شادی سے پہلے کے تھے وہ مکمل نہ ہوسکے، سدرہ کا کہنا تھا کہ ایک پروجیکٹ ابھی مکمل کروایا ہے دیگر پراجیکٹ بھی ابھی مکمل کروانے ہیں۔