واشنگٹن : بچوں کی دیکھ بھال کیلئے ملازمت پر رکھی گئی آیا شیرخوار کو اغوا کرکے دوسرے شہر فرار ہوگئی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق شیر خوار بچے کے اغوا کا واقعہ امریکی ریاست یوٹاہ میں پیش آیا جہاں ایک امریکی خاتون نے اپنے تین بچوں کی دیکھ بھال کےلیے آیا کو ملازمت پر رکھا تھا۔
آیا نے ایک موقع پاکر 4 ماہ کے بچے کو اغوا کیا اور یوٹاہ سے کولوراڈو فرار ہوگئی، اگلی صبح والدہ جب گھر لوٹی تو ایک بچے کی گمشدگی پر پولیس کو اطلاع دی۔
پولیس افسر نے آیا اور بچے کی تصویر تمام پولیس اسٹیشنز میں بھیجی تاکہ بچے اور آیا کی شناخت کی جاسکے اور ساتھ ہی بچے کی صحیح سلامت بازیابی کےلیے ایف بی آئی کی مدد لی۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ خاتون بچے کے ہمراہ یوٹاہ سے کولوراڈوں فرار ہونا چاہتی تھی تاہم پولیس نے بچے سمیت ایئرپورٹ پر گرفتار کرکے بچہ صحیح سلامت بازیاب کرالیا۔