بیونس آئرس: جنوبی امریکی ملک ارجنٹینا میں پالتو کتے نے دو سالہ کمسن بچی کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ڈوگو ارجنٹینو نسل کے کتے نے ننھی بچی کو بھنبھوڑ کر ہلاک کردیا، کمسن کا چہرہ اور گلا بری طرح متاثر ہوا، ڈاکٹروں نے اسپتال میں موت کی تصدیق کی۔
‘ڈوگو ارجنٹینو’ نسل کے کتے عام طور پر خطرناک سمجھے جاتے ہیں اور کئی ممالک میں اس نسل کی افزائش پر پابندی بھی عائد ہے۔ کتے نے بچی پر اس وقت حملہ کیا جب وہ فیڈر سے دودھ پی رہی تھی۔
اہل خانہ کا کہنا ہے کہ کتے نے کبھی اشتعال انگیزی کا مظاہرہ نہیں کیا جس کے باعث ہمیں اس پر بھروسہ تھا لیکن اس واقعے نے شدید صدمے کا شکار کردیا ہے۔
بچی کے خاندان نے بتایا کہ حملے کے بعد فوری طور پر کمسن کا اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگئی۔ کتے کے اچانک جان لیوا حملے کی وجہ تاحال سامنے نہ آسکی۔
خیال رہے کہ کئی ممالک میں ڈوگو ارجنٹینو نسل کے کتے کو گھر میں رکھنے پر پابندی عائد ہے۔ جن میں یوکرین، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ سمیت دیگر ممالک بھی شامل ہیں۔