لاہور: احتساب عدالت نے شہباز شریف فیملی کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کے تحریری فیصلے میں شہباز شریف کی اہلیہ نصرت اور سلیمان شہباز کو پیشی کا آخری موقع دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کی احتساب عدالت نے شہباز شریف فیملی کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی گزشتہ سماعت کا تحریری فیصلہ کردیا ، احتساب عدالت کےجج جوادالحسن نے3صفحات کا تحریری فیصلہ جاری کیا۔
تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ شہبازشریف اور حمزہ سمیت10ملزمان پرفردجرم عائدکی گئی تاہم ملزمان نےصحت جرم سے انکار کردیا۔
عدالت نے کہا شہباز شریف کی اہلیہ نصرت اور سلیمان شہباز کوپیشی کاآخری موقع دیاجاتاہے جبکہ رابعہ عمران،ہارون یوسف بھی آئندہ سماعت پر پیش ہوں۔
فیصلے میں کہا گیا کہ ملزمان کےوکلانےتیاری کے لیے 14روزکاوقت مانگا اورسماعت ملتوی کرنےکی استدعا کی ، ملزمان کےوکلا کی استدعا پر سماعت ملتوی کی جاتی ہے۔
یاد رہے گذشتہ روز احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ ریفرنس میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف اور حمزہ شہباز پر فردجرم عائد کی تھی، جس پر شہباز شریف نے کیس بدنیتی پرمبنی قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ میں اپوزیشن لیڈر اوربڑی سیاسی جماعت کاصدر ہوں ، مجھ سمیت فیملی کیخلاف ناجائزمنی لانڈرنگ کیس بنایا گیا ، میں اس میں مکمل بےقصور ہوں، میں تمام الزامات سے انکار کرتا ہوں ،اپنی بےگناہی کیلئےثبوت عدالت کوفراہم کروں گا۔