پیر, جنوری 13, 2025
اشتہار

دنیا کا نایاب ہیرا "گلاب کی روح” ریکارڈ قیمت میں نیلام

اشتہار

حیرت انگیز

گلابی اور ارغوانی رنگ کا ایک انتہائی نایاب روسی ہیرا سوئٹزر لینڈ میں ہونے والی ایک نیلامی میں دو کروڑ 66 لاکھ ڈالر میں نیلام کر دیا گیا ہے۔

روح ِگلاب کے نام سے مشہور یہ گلابی ہیرا روس میں دریافت ہوا تھا، اپنی خوبصورتی اور ندرت کی وجہ سے اسے قدرت کا ایک حقیقی عجوبہ بھی کہا جاتا ہے، گلابی ہیروں کی کانکنی اب بند ہوچکی ہے اس لیے مستقبل میں اس کے نئے مالک کے لیے یہ کافی نفع بخش ثابت ہوسکتا ہے۔

14.8قیراط وزن کے اس ہیرے کو اسپرٹ آف روز یا گلاب کی روح کا نام دیا گیا ہے اور یہ اپنی نوعیت کا سب سے بڑا ہیرا ہے جو کہ نیلام کیا گیا ہے، ایسے گلابی ہیروں میں سے 99 فیصد 10 قیراط سے کم کے ہوتے ہیں، اس لیے یہ ہیرا انتہائی نایاب سمجھا جا رہا ہے۔

- Advertisement -

اپنی نوعیت کے اس نایاب قرمزی گلابی ہیرے کی نیلامی جینوا میں سوتھبیز کے نیلامی گھر میں بدھ 11 نومبر کو ہوئی جسے ایک شخص نے دو کروڑ 66 لاکھ ڈالر کی ریکارڈ بولی لگا کرخرید لیا۔

نیلامی کے دوران اس ہیرے میں خریداروں نے بہت دلچسپی لی جس کی وجہ اس کا حجم، رنگ اور اندرونی بناوٹ کو قرار دیا جا رہا ہے۔ یہ ہیرا ان تین ہیروں میں سے ایک تھا جو کان کنی کی روسی کمپنی الروسا کی ملکیت تھے اور ان تینوں کے نام مشہور روسی بیلے رقص پر رکھے گئے ہیں۔

نیلامی میں اس ہیرے کی بولی لگانے والے بہت سے لوگ آئے تھے تاہم ٹیلی فون پر بولی لگانے والے ایک گمنام شخص نے سب سے زیادہ رقم دے کر اسے اپنے نام کر لیا، نیلام گھر انتظامیہ کی جانب سے اس قیمتی ہیرے کے خریدار کا نام ظاہر نہیں کیا گیا ہے۔

حالیہ برسوں میں دیکھا گیا ہے کہ قدرتی طور رنگین ہیروں کو دنیا کے امیر ترین افراد نے نہ صرف پسند کیا بلکہ خریدا بھی ہے۔ سفید ہیروں کے بر عکس یہ پتھر جالی کی ایک ایسی مخصوص پرت سے لیس ہوتے ہیں جو رنگت کو متاثر کرنے والی روشنی کے روکنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں