لاہور: معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کا کہنا ہے کہ نیب، اینٹی کرپشن اور ایف آئی اے اب آزادانہ کام کررہے ہیں، شہباز شریف فیملی پر فرد جرم عائد ہوچکی، کرپٹ ٹولے کی اب مزید چیخیں سنائی دیں گی۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق معاون خصوصی شہزاد اکبر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف فیملی پر فرد جرم عائد ہوچکی اب شاہد خاقان عباسی پر بھی فرد جرم عائد ہونے جارہی ہے، کسی کو صرف اچھا برا لگنے پر گرفتار نہیں کیا جاسکتا، کیس کی نوعیت ہوتی ہے اس کو دیکھ کر گرفتاری ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی دونوں ہی علاقائی جماعتیں ہیں، دونوں جماعتوں کو قومی سطح پر نہیں دیکھتا، چوہے اور بلی کا کھیل مریم اور بلاول کے درمیان جاری ہے۔
شہزاد اکبر نے کہا کہ مریم نواز کے بیان سے ن لیگی بیانیے کا فراڈ کھل کر سامنے آگیا، اعتراض نہیں جس طرح مرضی بات کریں لیکن بیانیہ درست کریں، ن لیگ اپنے ذاتی مفاد کے لیے اداروں کی ساکھ خراب کررہی ہے۔
معاون خصوصی نے کہا کہ شوکر انکوائری کمیشن کی رپورٹ کو مختلف عدالتوں میں چیلنج کیا گیا، لاہور ہائیکورٹ نے انکوائری کو کالعدم نہیں قرار دیا، فیصلے میں لکھا ہے کہ ایف آئی اے کے نوٹسز درست تھے۔
انہوں نے بتایا کہ ایک مخصوص طبقہ شوگر سے بے جا منافع کما رہا تھا، شوگر اسکینڈل میں دی گئی سبسڈی پر انکوائری ہورہی ہے۔