کویت سٹی: کویت میں موجود پاکستانی سفارت خانے نے ہم وطنوں کے لیے نئے اوقات کار جاری کردیے۔
کویت میں موجود سفارت خانے نے پاکستانیوں کو ہدایت کی کہ وہ مقررہ اوقات کےعلاوہ ایمبسی تشریف لانے کی زحمت نہ کریں۔
سفارت خانے کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جو پاکستانی پاسپورٹ، ویزہ یا کسی بھی حوالے سے کوئی درخواست جمع کروانا چاہتے ہیں وہ صبح 8 سے دوپہر 12 بجے تک تشریف لاسکتے ہیں۔
ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ ’پاسپورٹ، ویزہ اور متفرق دستاویزات کی وصولی کا کام دوپہر دو بجے سے شام چار بجے تک انجام دیا جائے گا۔ پاکستانیوں کو مطلع کیا گیا ہے کہ ’کونسلر خدمات کے لیے درج ذیل اوقات کے علاوہ کسی بھی وقت تشریف نہ لائیں۔
پاکستانی سفارت خانے کی انتظامیہ نے ممکنہ طور پر کرونا کے حوالے سے عائد ہونے والی پابندیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اوقات جاری کیے تاکہ عوام کا کم سے کم رش ہو اور ایس او پیز پر عمل درآمد ممکن ہوسکے۔
واضح رہے کہ کویت میں قائم پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے ہم وطنوں کو کسی بھی مشکل سے بچانے کے لیے وقتاً فوقتاً ہدایت نامے جاری کیے جاتے ہیں۔
قبل ازیں کرونا لاک ڈاؤن کے بعد پیش آنے والی صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستانی سفارت خانے نے ہم وطنوں کی امداد کا اعلان کیا تھا۔
پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ ’کویت میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو کرونا وائرس کی وجہ سے درپیش صورت حال کے پیش نظر سفارت خانے کی جانب سے راشن فراہم کیا جارہا ہے، بے روزگار اور ضرورت مند پاکستانی رابطہ کرسکتے ہیں‘۔ اس ضمن میں ٹیلی فون نمبروں کا اجرا بھی کیا گیا تھا۔