اسلام آباد: قومی ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ہفتے مہنگائی کی شرح 0.07 فیصد کم ہوئی، اس دوران 18 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ، 11 میں کمی اور 22 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
تفصیلات کے مطابق قومی ادارہ شماریات نے مہنگائی پر ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی، رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں مہنگائی کی شرح 0.07 فیصد کم ہوئی۔
ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ مہنگائی کی شرح 7.68 فیصد پر آگئی ہے، ایک ہفتے میں 18 اشیائے ضروریہ مہنگی ہوئیں، 11 اشیا کی قیمتوں میں کمی اور 22 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ ایک ہفتے میں چینی اوسطاً 57 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی، چینی کی اوسط قیمت 101.49 سے 102.06 روپے فی کلو ہوگئی۔
ادارہ شماریات کے مطابق برائلر مرغی ساڑھے 22 روپے فی کلو مہنگی ہوئی، گزشتہ ہفتے آلو، کیلا، گائے کا گوشت، دال ماش، دہی، انڈے اور گھی بھی مہنگا ہوا۔
گزشتہ ہفتے آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 4 روپے 69 پیسے سستا ہوا، ٹماٹر 4 روپے فی کلو سستے ہوئے جبکہ دال چنا، لہسن، پیاز، دال مسور اور بکرے کا گوشت بھی سستا ہوا۔