کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی کرونا وائرس میں مبتلا ہو گئے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے کو وِڈ 19 ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آ گیا ہے، انھیں بخار ہو گیا تھا جس پر ان کا کرونا ٹیسٹ کیا گیا تھا۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے ڈاکٹرز کی ہدایت پر خود کو قرنطینہ میں منتقل کر دیا ہے، انھوں نے کہا کہ ہلکا بخار ہے باقی طبعیت بہتر ہے۔
ترجمان وزیر اعلیٰ سندھ عبدالرشید چنا نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ جمعے کے دن انھیں ہلکا بخار محسوس ہوا تھا، نمازِ جمعہ کے بعد انھوں نے کو وِڈ 19 کا ٹیسٹ کروایا جو مثبت آ گیا۔ مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ ڈاکٹروں کی ہدایت پر میں نے خود کو آئسولیٹ کیا ہے، ابھی ہلکا بخار ہے باقی طبیعت کافی بہتر ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے آج سی پی او کا دورہ بھی کرنا تھا، کشمور کے اے ایس آئی، ایس ایس پی کو بھی آج تقریب میں بلایا گیا تھا۔
پی پی کے سینئر رہنما کرونا کے باعث انتقال کرگئے
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی راشد ربانی کرونا وائرس انفیکشن سے انتقال کرگئے تھے، وہ کئی روز سے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے اور انھیں انتقال سے دو دن قبل سانس لینے میں دشواری کی وجہ سے وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ نہایت مہلک اور نئے کرونا وائرس کو وِڈ 19 کی پہلی لہر کو پاکستان میں بہترین حکمت عملی سے قابو کیا گیا تھا، اب دوسری لہر شروع ہو چکی ہے، جسے قابو کرنے کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں تاہم کو وِڈ 19 کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا ہے۔
ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس انفیکشن کی وجہ سے مزید 19 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں، جب کہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 2 ہزار 128 کرونا کیسز رپورٹ ہوئے، جس سے ملک میں کرونا کے مصدقہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 59 ہزار 32 ہو گئی ہے۔