کراچی: ریاض سے دہلی جانے والی بھارتی ایئرلائن کے طیارے کو دوران پرواز مسافر کے جاں بحق ہونے پر کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑ گئی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی عرب سے بھارت جانے والی نجی ایئر لائن کی پرواز جی او ڈبلیو 6658 کو ہنگامی طور پر کراچی ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا، پائلٹ نے کنٹرول ٹاور سے رابطہ کرکے مسافر کی طبیعت خراب ہونے کی اطلاع دی اور ہنگامی لینڈنگ کی اجازت مانگی۔
کنٹرول ٹاور کی جانب سے لینڈنگ کی اجازت ملنے کے بعد طیارے کو ہنگامی لینڈنگ کروائی گئی اور فوری طور پر ڈاکٹر اور طبی عملے کو طلب کرکے مسافر کا چیک اپ کرایا گیا۔
سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ گو ایئر کی فلائٹ کو انسانی بنیادوں پر لینڈنگ کی اجازت دی گئی، طبی معائنے کے بعد ڈاکٹر نے مسافر محمد نوشاد کی موت کی تصدیق کردی، ڈاکٹر کے مطابق مسافر کی موت حرکت قلب بندہونے کے باعث ہوئی۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق بھارتی ایئر لائن کی پرواز کو ری فیولنگ مکمل ہونے کے بعد دہلی روانہ کردیا گیا، طیارے میں جاں بحق مسافر نوشاد کی میت کو بھی روانہ کیا گیا، مسافر کا تعلق بھارتی ریاست اتر پردیش سے ہے، طیارے میں مجموعی طور 179 مسافر سوار تھے۔
واضح رہےکہ بھارتی نجی ایئر لائن کے طیارے نے مسافر کی طبیعت بگڑنے پر کراچی ایئر پورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی تھی۔