کراچی: صوبہ سندھ میں پام کی کاشت اور آئل کی پیداوار کا تجربہ کامیاب ہوگیا، آزمائشی طور پر لگائے گئے پام کے درختوں نے ریکارڈ تعداد میں پھل دینا شروع کردیے جبکہ یومیہ 2 ٹن پام تیل کی پیداوار شروع ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے محکمہ ماحولیات و ساحلی ترقی کی پام آئل مل نے پیداوارشروع کردی، مشیر ماحولیات و ساحلی ترقی مرتضیٰ وہاب نے ٹھٹھہ میں واقع مل کا دورہ کیا۔ انہوں نے پام آئل فیلڈ کا بھی دورہ کیا۔
مرتضیٰ وہاب نے آزمائشی تجربہ کامیاب ہونے پر عملے کو مبارکباد دی اور پام کی کاشت اور آئل کی پیداوار کو گیم چینجر قرار دے دیا۔
Pakistan’s 1st palm oil plantation project successfully achieved by #SindhGovt in Thatta. 1,100 palm trees planted by Sindh Govt are now giving fruits & mini extraction mill with a capacity of 2 tonnes has also become operational. #Pakistan can now save valuable foreign exchange pic.twitter.com/2fKbIw2D8n
— Murtaza Wahab Siddiqui (@murtazawahab1) November 18, 2020
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ سندھ میں پام کی کاشت اور آئل کی پیداوار کا تجربہ کامیاب رہا، ٹھٹھہ میں 50 ایکڑ رقبے پر پام کے 11 سو درخت آزمائشی طور پر کاشت کیے تھے، پام کے درختوں نے ریکارڈ پھل دینا شروع کر دیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یومیہ 2 ٹن پام تیل کی پیداوار ہوگی، پاکستان پام تیل کی درآمد پر سالانہ 4 ارب ڈالر زرمبادلہ خرچ کرتا ہے، سندھ حکومت نے پام تیل پائلٹ پروجیکٹ کی کامیابی کے بعد کاشت کے لیے زمین مختص کردی ہے۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ ٹھٹھہ میں 15 سو ایکڑ رقبے پر پام کے مزید درخت کاشت کیے جا رہے ہیں۔ پام کی کاشت اور تیل کی پیداوار سے ٹھٹھہ میں بڑی سرمایہ کاری آئے گی، منصوبہ ہزاروں خاندانوں کے لیے روزگار کا سبب بنے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں اپنی نوعیت کا یہ واحد اور پہلا منصوبہ ہے، تھرکول کے بعد سندھ حکومت کا پام آئل منصوبہ بھی نئی مثال ثابت ہوگا۔