جمعہ, دسمبر 27, 2024
اشتہار

بلدیاتی ملازمین کا احتجاج رنگ لے آیا

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: سیکریٹری لوکل گورنمنٹ نے بلدیاتی ملازمین کی اسکروٹنی اور تنخواہوں کو آن لائن کرنے کے لیے کمیٹی قائم کر دی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق بلدیاتی ملازمین کی اسکروٹنی اور تنخواہوں کو آن لائن کرنے کے حوالے سے ایک کمیٹی قائم کی گئی ہے جو 6 ممبران پر مشتمل ہے، یہ کمیٹی 4 ماہ میں حتمی رپورٹ سیکریٹری بلدیات کو پیش کرے گی۔

جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی کے چیئرمین اسپیشل سیکریٹری لوکل گورنمنٹ ہوں گے، جب کہ سیکشن افسر ایڈمن کمیٹی کے سیکریٹری کے طور پر کام کریں گے، دیگر ممبران میں ایڈیشنل سیکریٹری لوکل گورنمنٹ، ایڈیشنل سیکریٹری ہاؤسنگ، سیکریٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ اور بلدیاتی اداروں میں ایمپلائز یونین کا ایک نمائندہ شامل ہوگا۔

- Advertisement -

یہ کمیٹی نوٹیفکیشن میں موجود ٹی او آرز کے تحت کام کرے گی، ٹی او آرز کے مطابق کمیٹی تمام بلدیاتی اداروں میں موجود ملازمین کی اسکروٹنی کرے گی، اور تنخواہوں کو آن لائن کرنے کے حوالے سے سفارشات پیش کرے گی۔

کمیٹی اس بات کا فیصلہ کرے گی کے ملازمین کی تنخواہیں اے جی آفس سندھ یا ڈائریکٹوریٹ فنانس آفس سے جاری کی جائیں، موجودہ کمیٹی اس حوالے سے بننے والی پچھلی انکوائری کمیٹی کے نکات کو بھی مدِنظر رکھے گی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی بلدیاتی ملازمین کی اسکروٹنی اور آن لائن تنخواہوں کے اجرا کے حوالے سے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔ گزشتہ روز بلدیاتی ملازمین نے تنخواہیں آن لائن نہ ہونے پر احتجاج کرتے ہوئے پریس کلب سے سندھ سیکریٹریٹ تک مارچ کیا تھا۔

دوسری طرف محکمہ بلدیات سندھ میں پہلی مرتبہ تمام امور کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کرنے کا آغاز کر دیا گیا ہے، سیکریٹری لوکل گورنمنٹ نجم احمد شاہ کی ہدایت پر محکمہ جاتی تمام امور کو شفافیت سے ہم آہنگ کرنے کے لیے آن لائن پورٹل سے منسلک کیا جا رہا ہے، اس کے تحت تمام عملے کی حاضری ریکارڈ، سروس ریکارڈ، سرکاری خط و کتابت اور دیگر ضروری امور کا اندراج بہ آسانی عمل میں آ جائے گا۔

تمام سرکاری خط کتابت کو QR کوڈ سے مزین کیا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی جعل سازی کا شائبہ تک برقرار نہ رہے، کون افسر کس عہدے پر کس ڈسٹرکٹ یا تحصیل میں فرائض منصبی سر انجام دے رہا ہے اس کی تفصیلات بھی آن لائن دستیاب ہوں گی۔

Comments

اہم ترین

مزید خبریں