جمعرات, دسمبر 26, 2024
اشتہار

ارطغرل کے بعد ایک اور ترک ڈرامہ پی ٹی وی پر دکھانے کا فیصلہ

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: تاریخی ڈرامے ارطغرل غازی کی پاکستان میں شاندار کامیابی کے بعد ایک اور ترک ڈرامے کو پاکستان میں آن ائیر کرنے کی تیاریاں شروع کردی گئیں ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اسلامی فتوحات پر مبنی ڈرامے ارطغرل غازی کو وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر پی ٹی وی پر نشر کیا گیا اور ان دنوں اس ڈرامے کا دوسرا سیزن نشر کیا جا رہا ہے، اب وزیر اعظم عمران خان کی خواہش پر پی ٹی وی پر ایک اور ترک ڈرامے ‘یونس امرے’ کو اردو زبان میں ترجمہ کرکے نشر کیا جائے گا۔

پی ٹی وی کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری ٹوئٹ میں کہا گیا کہ ‘یونس امرے’ کو ‘راہِ عشق’ کے نام سے پی ٹی وی ہوم پر جلد نشر کیا جائے گا، اس کے ساتھ ہی ٹوئٹ میں پی ٹی وی کی جانب سے ڈرامے کا ٹریلر بھی جاری کیا گیا، تاہم یہ ڈرامہ پی ٹی وی پر کب سے نشر کیا جائے گا اس حوالے سے کسی حتمی تاریخ کا اعلان تاحال نہیں کیا گیا۔

- Advertisement -

یونس امرے سلطنت عثمانیہ سے دو سو سال قبل پیدا ہوئے تھے اور انہوں نے اناطولیہ زبان، ادب و ثقافت پر گہرے اثرات چھوڑے، وہ عربی، فارسی و ترک زبان پر عبور رکھنے والے ایک شاعر کے گھر میں پیدا ہوئے، اس لیے ان کی شخصیت میں شاعری و ادب بچپن سے ہی رچا بسا تھا۔

یونس امرے کو ترکوں کے صوفی شاعر اور اہم ادبی اوائلی شخصیات میں شمار کیا جاتا ہے اور ترک کی نئی نسل بھی ان کی خدمات کا اعتراف کرتی ہے۔

انہی کی زندگی اور خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے محمد بوزداغ نے ان کی زندگی پر ‘یونس امرے’ نامی ڈراما بنایا جو دیکھتے ہی دیکھتے مشہور ہوگیا۔‘یونس امرے’ ڈرامے کو ترکی کے سرکاری ٹی وی چینل ٹی آر ٹی ون نے بنایا تھا اور اس ڈرامے کا پہلا سیزن 2015 میں جب کہ دوسرا سیزن 2016 میں نشر کیا گیا تھا اور ڈرامے کی مجموعی طور پر 41 اقساط تھیں، مذکورہ ڈرامے کو بھی ترکی کے علاوہ دیگر اسلامی ممالک اور خصوصی طور پر مشرق وسطیٰ میں کافی پسند کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:  ارطغرل غازی کے مرکزی کردار کی نئی تصاویر سامنے آگئیں

خیال رہے اس سے قبل ترکی کے کئی ڈرامے پاکستان میں نشر ہو چکے ہیں، جن میں عشقِ ممنوں، فریحہ، فاطمہ گل اور میرا سلطان جیسے کئی ڈرامے شامل ہیں۔

یاد رہے اسلاموفوبیا کے مقابلے کے لیے ترکی، ملائیشیا اور پاکستان کا انگریزی چینل کھولنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، وزیر اعظم نے کہا تھا انگریزی زبان کے چینل کا مقصد اسلامو فوبیا کا مقابلہ کرنا ہے، اور دنیا کو اسلام کے بارے میں آگاہی دینا ہے، چینل کا مقصد عظیم مذہب اسلام کے بارے میں غلط تاثر کا خاتمہ ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں