کراچی : سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال سے مسافروں کو محفوظ رکھنے کیلئے کراچی ائرپورٹ پر حفاظتی اقدامات کرتے ہوئے کاؤنٹرز کو شیشے سے کور کردیا۔
تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کی دوسری لہر سے نمٹنے کیلئے سی اے اے نے اقدامات کا آغاز کردیا، اس حوالے سے کراچی ائرپورٹ پر حفاظتی اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ڈومیسٹک بریفنگ ایریا اور چیک ان کاؤنٹرز شیشہ بند کردیئے گئے کاوٴنٹرز کو شیشے سے کور کرنے کا مقصد عملے کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔
اس حوالے سے ائیرپورٹ منیجر عمران خان کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی روانگی میں بھی بریفنگ اور چیک ان کاؤنٹرز کو بھی شیشے سے کور کیا جارہا ہے۔
انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ کراچی ایئر پورٹ پر ایف آئی اے کے پندرہ سے زائد کاؤنٹرز کو شیشے سے کور کر دیا گیا ہے، مجموعی طور پر 35 سے زائد ایف آئی اے امیگریشن کاوٴنٹرز مکمل طور پر شیشے سے ڈھک دئے جائیں گے۔