اسلام آباد : آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجودہ نے پاکستان آرڈیننس فیکٹری واہ کا دورہ کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکنالوجی اپ گریڈیشن اور جدت پسندی سے چیلنجز سے نمٹا جاسکتا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجودہ نے ان خیالات کا اظہار پاکستان آرڈیننس فیکٹری واہ کے دورہ کے موقع پر کیا، انہوں نے کہا کہ پی او ایف پاک افواج کیلئے ریڑھ کی ہڈی کا کام کررہی ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کو مختلف پروڈکشن یونٹس کی کارکردگی اور پاک افواج کی آپریشنل ضروریات پر بریفنگ دی جبکہ مستقبل کے منصوبوں اور جدت لانے کے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ آرمی چیف نے پی او ایف کی پیشرفت اور قومی خزانے کی بچت کے اقدامات کو سراہا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف نے پی او ایف کے ڈسپلے لاؤنج کا بھی دورہ کیا اور نئی تیار کردہ دفاعی مصنوعات کا جائزہ لیا۔
آئی ایس پی آر نے جاری اعلامیے میں بتایا کہ پی او ایف پہنچنے پر لیفٹیننٹ جنرل بلال اکبر نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔