سکھر: صوبہ سندھ کے ضلع سکھر میں افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت گیارہ افراد جاں بحق جبکہ چار زخمی ہوگئے ہیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق سکھر کے علاقے سانگی میں مزدا ٹرک پر اینٹوں سے بھرا ٹرک الٹ گیا، دلخراش واقعے میں ایک ہی خاندان کے گیارہ افراد جاں بحق ہوئے، جاں بحق ہونے والوں میں چھ بچے اور تین خواتین بھی شامل ہیں جبکہ چار افراد زخمی بھی ہوئے۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں مزدا ٹرک کےڈرائیور اورکلینرسمیت چار افراد شامل ہیں ، جنہیں طبی امداد کے لئے پنوں عاقل اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جہاں انہیں طبی امداد دی جارہی ہے۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ بدقسمت خاندان مزدا ٹرک پر رحیم یارخان سےکراچی شادی میں شرکت کیلئےجارہےتھے۔
یہ بھی پڑھیں: ڈی آئی خان چنگچی رکشہ حادثہ : جاں بحق افراد کی تعداد 22 ہوگئی
وزیرٹرانسپورٹ سندھ نے سانگی کے قریب ہونے والے حادثے پر اظہار افسوس کیا ہے، اویس قادرشاہ نے ہدایت کی کہ ضلعی انتظامیہ کے افسران ریسکیو آپریشن کومزید بہتر بنائیں ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کےکارکن اسپتال پہنچ کر زخمیوں کیلئےخون دیں۔
واضح رہے کہ گیارہ نومبر کو ڈی جی خان اور ڈی آئی خان کے سرحدی علاقے بستی شاہ جمال کے قریب شادی کی تقریب سے واپسی آنیوالے بدقسمت خاندان کا لوڈر رکشہ بے قابو ہوکر چشمہ رائٹ بینک کینال میں جاگرا تھا، حادثے میں 28 افراد ڈوب گئے تھے۔