نئی دہلی : بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق اوپنر گوتم گمبھیر نے ویرات کوہلی کی کپتانی پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ ویرات نے بولر جسپریت بومرا کا درست استعمال نہیں کیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سابق بھارتی کرکٹر گوتم گمبھیر نے آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان کھیلے جارہے دن ڈے سیریز میں مسلسل دوسری شکست پر چپ نہ رہ سکے اور ویرات کوہلی پر تنقید کے نشتر چلادئیے۔
انہوں نے کہا کہ جسپریت بومرا ایک اچھا بولر ہے جس کا صحیح استعمال ضروری ہے، بومرا نے اتوار کو کھیلے گئے میچ میں دوسرا اور چوتھا اوور کرایا اور صرف 7 رن دئیے لیکن اس کے بعد بومرا سے پاور پلے میں صرف ایک اوور کرایا گیا۔
گوتم گمبھیر نے کہا کہ میری سمجھ سے بالاتر ہے کہ ویرات نے فاسٹ بولر جسپریت بومرا سے نئی گیند سے صرف دو اوور کیوں کرائے؟
انہوں نے کہا کہ بارہا اس بات پر اسرار کرچکے ہیں کہ آسٹریلیا کی بیٹنگ لائن کو توڑنا ہوگا لیکن ویرات کی کپتانی سمجھ سے باہر کہ وہ بومرا سے نئی گیند سے صرف دو ہی اوور کرائے۔
گوتم گمبھیر نے آسٹریلیا سے شکست کا ملبہ کپتان ویرات کوہلی پر ڈالتے ہوئے کہا کہ بھارت کی ہار خراب کپتانی کا نتیجہ ہے۔