وزیراعظم عمران خان نے وزارت داخلہ میں بارڈر مینجمنٹ سسٹم کیلئےخصوصی ڈویژن بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ محفوظ بارڈرز کے ساتھ تجارتی سرگرمیوں کےفروغ کیلئےاقدامات اٹھائےجائیں۔
وزیراعظم کی زیر صدارت بارڈرمینجمنٹ سسٹم مزیدفعال اور بہتربنانے پر اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزرا شبلی فراز، اعجازاحمدشاہ، غلام سرور، علی زیدی، معاون خصوصی معیدیوسف سمیت عسکری وسویلین حکام نے شرکت کی۔
وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ 10 مختلف وفاقی وزارتیں اور صوبائی حکومتیں بارڈر مینجمنٹ سے وابستہ ہیں تاہم وفاقی سطح پر بارڈرکے معاملات دیکھنےکیلئےکوئی مرکزی ادارہ موجود نہیں،زمینی، ہوائی اور بحری راستوں سے آنے والوں کی تفصیلات ایک جگہ اکٹھا کرنے کی ضرورت ہے۔
شرکاء کو مختلف بارڈر کراسنگ پرنصب نظام اور بارڈرفنسنگ پرکام کی پیشرفت سےبھی آگاہ کیاگیا اور بتایا گیا کہ غیرقانونی راستوں کی بندش اور اسمگلنگ کی روک تھام سےملکی معیشت کوفائدہ ہوا۔
وزیراعظم نے وزارت داخلہ میں بارڈر مینجمنٹ سسٹم کیلئےخصوصی ڈویژن ایڈیشنل سیکریٹری کی سرپرستی میں بنانے اور تمام متعلقہ اداروں کو بروقت انفارمیشن اور ڈیٹا شیئرنگ کی ہدایت کر دی۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت آزاد لیکن محفوظ بارڈرز پر یقین رکھتی ہے، محفوظ بارڈرز کے ساتھ تجارتی سرگرمیوں کےفروغ کیلئےاقدامات اٹھائےجائیں، پاکستان اور افغانستان کےدرمیان تجارت کے فروغ کیلئےعملی اقدامات کیے جائیں۔