لاہور : موسم کی خرابی اور شدید دھند کے باعث علامہ اقبال ایئرپورٹ پر پروازوں کا شیڈول شدید متاثر ہوا ہے، قومی و نجی ایئرلائنز کی سات پروازیں منسوخ جبکہ دو تاخیر کا شکار ہوگئیں۔
تفصیلات کے مطابق علامہ اقبال ایئرپورٹ کے اطراف شدید دھند اور موسم کی خرابی کے باعث پروازوں کا شیڈول متاثر ہوگیا ہے، فضا ابر آلود اور اسموگ کی وجہ سے پی آئی اے کی دو پروازیں منسوخ کردی گئیں۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کی کراچی سے آنے والی پرواز304منسوخ کردی گئی ہے، پی آئی اے کی کراچی سے آنے والی پرواز306کو بھی منسوخ کیا گیا ہے اور کراچی جانے والی پرواز307منسوخ کی گئی ہے۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق بین الاقوامی اور نجی ایئر لائینز کی پروازیں بھی تاخیر کا شکار ہیں، اومان ایئر کی مسقط سے آنے والی پرواز 341منسوخ کردی گئی ہے۔
اس کے علاوہ ایئربلیو کی دبئی سے آنے والی پرواز417منسوخ جبکہ ایئربلیوکی دبئی جانےوالی پرواز416اور اومان ایئرکی مسقط جانےوالی پرواز342منسوخ کردی گئی ہے۔
پی آئی اے کی دبئی جانے والی پرواز پی کے203دس گھنٹے تاخیر کا شکار ہے، اس کے علاوہ پی آئی اے کی کراچی جانے والی پرواز241 پی کے چھ گھنٹے تاخیرسے پہنچے گی۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پی آئی اے کی دمام سے آنے والی پرواز248پی کے دس گھنٹے تاخیر اور پی آئی اے کی دبئی سے آنے والی پرواز پی کے204سات گھنٹے تاخیر سے پہنچے گی۔
ذرائع کے مطابق ترکش ایئر کی استنبول جانے والی پرواز 715تاخیر سے روانہ ہوگی جبکہ برٹش ایئر کی لندن جانے والی پرواز 258بھی تاخیر کا شکار ہے۔