پشاور: چڑیا گھر میں تین ننھے جانوروں کا اضافہ ہو گیا ہے، نیل گائے نے 2 اور چنکارہ نے ایک بچے کو جنم دے دیا۔
اے آر وائی نیوز کے نمائندے عثمان دانش کے مطابق پشاور چڑیا گھر میں نیل گائے نے دو بچوں کو جنم دے دیا، جب کہ چنکارہ نے بھی ایک بچے کو جنم دے دیا ہے۔
ویٹرنری آفیسر ڈاکٹر عبدالقادر کا کہنا ہے کہ تینوں بچے صحت مند ہیں اور چڑیا گھر میں ان کا بہترین خیال رکھا جا رہا ہے۔
ڈائریکٹر چڑیا گھر اشتیاق نے بتایا کہ چڑیا گھر میں جانوروں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے، گزشتہ 2 سال میں متعدد جانوروں نے بچوں کو جنم دیا، انتظامیہ جانوروں کا اچھا خیال رکھ رہی ہے۔
یاد رہے کہ 30 نومبر کو اسلام آباد کے مرغزار چڑیا گھر کے ہاتھی کاوان کو کمبوڈیا بھیجا گیا تھا، دنیا کے تنہا ترین سمجھے جانے والے ہاتھی کاوان کو آخر کار 35 سال بعد تکلیف دہ صورت حال سے نجات مل گئی تھی، اور اسے ایک چارٹرڈ طیارے کے ذریعے کمبوڈیا روانہ کیا گیا۔
بھارتی ہٹ دھرمی سے روانگی میں تاخیر، کاوان 35 سال بعد کمبوڈیا روانہ
یہ ہاتھی 1985 میں سری لنکا سے تحفے کے طور پر پاکستان لایا گیا تھا، اس وقت اس کی عمر صرف ایک سال تھی، مرغزار چڑیا گھر میں اسے نامناسب حالت میں ایک چھوٹے سے احاطے میں زنجیروں سے باندھ کر رکھا گیا۔ کاوان ہاتھی کے ساتھ متعلقہ حکام کی جانب سے ظالمانہ سلوک کے باعث رواں برس مئی میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے اس کی منتقلی کا فیصلہ سنایا تھا۔