اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل نے جنوبی سوڈان میں ہونے والے جان لیوا بم دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔
دھماکے میں امن مشن کے دو اور گیارہ سویلین ہلاک ہوئے تھے۔ اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل نے خدشہ ظاہر کیا ہےکہ نوزائیدہ افریقی ملک جنوبی سوڈان خانہ جنگی کے دھانے پر کھڑا ہے اور قبائل میں موجود چپقلش کسی بھی وقت انسانی المیے کو جنم دے سکتی ہے۔
دوسری جانب امریکی صدر بارک اوباما کا کہنا ہے کہ نوزائیدہ ملک جنوبی سوڈان میں امن و استحکام کے لئے عالمی برادری کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے، انہوں نے جنوبی سوڈان کے صدر سلوا کیر سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ امدادی کاموں میں مصروف امریکی شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنایاجائے۔