اشتہار

کرونا وائرس سے صحت یاب افراد کے لیے سعودی وزارت صحت کی ہدایات

اشتہار

حیرت انگیز

ریاض: سعودی وزارت صحت نے ہدایت جاری کی ہے کہ کرونا وائرس سے متاثر افراد صحت یاب ہونے کے بعد اپنی گاڑی اور گھر کو بھی سینی ٹائز کریں۔

سعودی ویب سائٹ کے مطابق وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس سے صحت یابی کے بعد گھر اور گاڑی کو بھی جراثیم کش محلول سے سینی ٹائز کر لیا جائے۔

وزارت صحت سے کیے گئے ایک استفسار پر وزارت کا کہنا تھا کہ جو شخص کرونا وائرس میں مبتلا رہا، صحت یابی کے بعد اسے چاہیئے کہ وہ خود اور دوسروں کی حفاظت کے لیے گھر کو ڈیٹول یا کسی بھی جراثیم کش محلول کے ذریعے صاف کرلے۔

- Advertisement -

احتیاطی تدابیر کے حوالے سے وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اب تک کی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ کرونا وائرس کی زندگی مختلف ماحول اور چیزوں کے لیے جدا ہوتی ہے، اس لیے احتیاط کا تقاضہ ہے کہ وہ افراد جو کرونا وائرس کے مرض میں مبتلا رہ چکے ہوں وہ گاڑی کو دھلوانے سے قبل اس پر اچھی طرح جراثیم کش مواد کا اسپرے کرلیں تاکہ وائرس مکمل طور پر ختم ہو جائے۔

وزارت کا مزید کہنا تھا کہ مملکت میں کرونا وائرس کی وبا پر کافی حد تک قابو پایا جاچکا ہے تاہم احتیاط کے پیش نظر ضروری ہے کہ سماجی فاصلے کے اصول پر مکمل طور پر عمل کیا جائے۔

ہاتھوں کی صفائی اور جراثیم کش محلول استعمال کرنے کے حوالے سے وزارت صحت کا کہنا تھا کہ گھروں سے باہر ہاتھوں کو سینی ٹائزکرتے رہیں۔

مزید کہا گیا کہ اس امر کو یقینی بنائیں کہ ہر 2 گھنٹے بعد ہاتھوں کو صابن سے 20 سیکنڈ تک اچھی طرح دھوئیں کیونکہ کرونا وائرس انسان سے انسان میں بڑی تیزی سے منتقل ہوتا ہے جو مصافحہ کرنے یا متاثرہ شخص سے قریب ہونے پر بھی دوسرے کو لگ سکتا ہے اس لیے سماجی فاصلے کے اصول کو عالمی طور پر تسلیم کیا گیا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں