اسلام آباد : پاکستان کی قومی ایئر لائن پی آئی اے آج بنکاک سے پاکستانی مسافروں کو لے کر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد پہنچ گئی۔
تفصیلات کے مطابق بنکاک سے پی آئی اے کی پرواز پی کے895 پچاس سے زائد پاکستانیوں کو وطن واپس لے آئی، ایئر پورٹ پہنچ کر مسافروں نے فرط جذبات میں سجدہ کرتے ہوئے اپنی سرزمین کو چوم لیا۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ پاکستانی بینکاک میں اوور اسٹے یا ویزہ کی میعاد ختم ہونے کی بنیاد پر وہاں کی مختلف جیلوں قید میں تھے۔
حکومت پاکستان کی خاص ہدایات پر پی آئی اے انتطامیہ نے انتہائی کم وقت میں ہنگامی طور پر اقدامات کرتے ہوئے ان کی وطن واپسی کے انتظامات مکمل کیے۔
پی آئی اے کی پرواز پی کے895 شام 7:20 پر اسلام آباد پہنچی تو انتہائی رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے، لوگ اپنے پیاروں کو سامنے دیکھ کر روپڑے۔
اس حوالے سے پی آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ پی ائی اے ہمیشہ قومی فرائض کی تکمیل کے لئے سامنے کھڑی ہوتی ہے۔ یہ پاکستانی ہمارے بھائی ہیں اور ان کو دیار غیر میں تنہا نہیں چھوڑا جاسکتا تھا۔