سکھر : بااثر افراد نے پورے خاندان پر ظلم کی انتہا کردی، بااثر ملزمان نے پہلے بیٹا قتل کیا پھر باپ کو اغوا کرلیا، مقدمہ درج کرانے پر دیگر2بیٹے بھی اغوا کرلئے گئے۔
سکھر سے اے آر وائی نیوز کے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق ملزم عباس جکھرانی نے4سال پہلے فٹبال میچ کھیلتے ہوئے 15سال کے لڑکے کو قتل کردیا تھا۔
مقدمہ درج ہوا، کیس عدالت میں چلا تو مقتول کے والد کو اغوا کرلیا گیا، سکھر پولیس نے بااثر شخص کے خوف سے باپ کے اغوا کی ایف آئی آر درج کرنے سے انکار کردیا، عدالتی حکم کو بھی ہوا میں اڑا دیا گیا، پولیس نے مقدمہ تک درج نہ کیا۔
ڈی آئی جی لاڑکانہ نے شکارپور میں کھلی کچہری لگائی تو بااثر افراد کے ظلم کی شکار متاثرہ خاتون یاسمین شیخ نے انصاف مانگ لیا یاسمین کی فریاد پر ڈی آئی جی نے ایس ایس پی شکارپور کو مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا۔
بعد ازاں اغوا کا مقدمہ درج ہوا تو مبینہ طور پر عباس جکھرانی کی ایما پر گھر میں گھس کر2بیٹے اغوا کرلئے گئے، متاثرہ خاتون یاسمین شیخ کا کہنا ہے کہ 3پولیس موبائلوں میں سوار اہلکاروں نے میرے 13اور17سال کے دو بیٹے اغوا کرلئے۔
اس کے علاوہ خاتون کا مزید کہنا تھا کہ میرے گھر سے زیورات اور نقدی بھی چوری کرلی گئی۔