لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ آج زندہ دلان لاہور نے مجھے خوش کر دیا ہے، پنڈال میں لوگ اس لیے نہیں آ سکے کیوں کہ پنڈال میں جگہ باقی نہیں بچی۔
مریم نواز آج لاہور میں مینار پاکستان پر پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے جلسے سے خطاب کر رہی تھیں، انھوں نے کہا یہ کون کہتا تھا کہ ن لیگ کو کہو گراؤنڈ بھر کر دکھائے، آج دیکھ لیں مینار پاکستان کے آس پاس کی سڑکیں بھر چکی ہیں۔
انھوں نے کہا جلسہ منتظمین نے بتایا تھا کہ پنڈال میں ہزاروں کرسیاں لگی ہوئی ہیں، پنڈال میں مجھے ایک بھی کرسی نظر نہیں آ رہی، لوگ ہی اتنے ہیں، لاہور سگے بھائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سندھ کا بھی ویلکم کرتا ہے، ہزاروں لوگ جگہ نہ ہونے کی وجہ سے نہیں آ سکے۔
مریم نواز نے کہا لاہوریوں نے آج عوام دشمن حکومت کو مینار پاکستان سے نیچے پھینک دیا ہے، نواز شریف اب عوام کی روٹی چوری کرنے اور پاکستان کی ترقی روکنے والوں کو این آر او نہیں دے گا۔
انھوں نے جلسے کے شرکا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا جلسوں میں ماسک پہن کر آئیں کیوں کہ مجھے آپ کی زندگی کی فکر ہے، لیکن کرونا سے زیادہ خطرناک کو وِڈ 18 ہے، لاہوریوں نے مینار پاکستان کے سائے میں نئی تاریخ رقم کی ہے، لاہور پاکستان کے چاروں صوبوں کو جوڑے گا۔
مریم نواز نے کہا پاکستان میں ترقی قرنطینہ ہوگئی ہے، گندم، آٹا، چینی، بجلی قرنطینہ ہوگئی ہے، میڈیا اور عوام کا روزگار قرنطینہ میں چلا گیا ہے، لاہوریوں کو اس کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہونا ہوگا۔