لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پی ڈی ایم مینار پاکستان جلسے میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمہوریت میں ہمارا خون شامل ہے، اس کا دفاع کریں گے، مذاکرات کا وقت گزر چکا اب اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کریں گے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ہمارے درمیان دراڑ نہیں آئے گی، کوششیں بند کی جائیں، عوام نے اپنا فیصلہ سنا دیا، ہم اسلام آباد آ رہے ہیں اور پہنچ کر وزیر اعظم سے استعفیٰ چھین لیں گے۔
انھوں نے کہا ہم اپنے سیاسی اختلافات بھلا کر پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم پر متحد ہوئے ہیں، یہ اقتدار کی نہیں عوام کی حق حکمرانی کی جنگ ہے، عوام کے خلاف ہمیشہ سازش کی گئی اب یہ سلسلہ بند ہونا چاہیے۔
پنڈال میں لوگ اس لیے نہیں آ سکے کہ پنڈال میں جگہ باقی نہیں: مریم نواز
بلاول نے کہا پاکستان کے سب سے بڑے صوبے کے ساتھ مذاق کیا جا رہا ہے، وزیر اعظم نے پنجاب کا تاج کٹھ پتلی کے سر پر رکھا، لاہور کے لوگ بے سہارا نہیں، پی ڈی ایم ان کے ساتھ کھڑی ہے، ان شاء اللہ حکمران گھر جانے والے ہیں۔
انھوں نے خطاب میں کہا ہم کشتیاں جلا کر میدان میں اترے ہیں، لاہور کی گلیاں اور محلے ہماری قربانیوں کی داستانوں کےگواہ ہیں، عوام تحریک کا ساتھ دیتے ہیں تو ظلم کی زنجیریں ٹوٹ جایا کرتی ہیں۔