لاہور: مینار پاکستان میں ہونے والے پاکستان ڈیموکریٹک موؤمنٹ کے جلسے میں آج عوام نے بڑی تعداد میں شرکت نہیں کی یہی وجہ ہے کہ پی ڈی ایم قیادت نے پنڈال بھرا ہوا دکھانے کے لیے پرانی تصاویر شیئر کردیں۔
پاکستان پیپلزپارٹی ، مسلم لیگ ن سمیت اپوزیشن کی گیارہ جماعتوں کی جانب سے ہونے والی ریلی میں شرکت کے لیے مریم نواز نے خود بھی کئی روز تک عوامی رابطہ مہم چلائی۔
مسلم لیگ ن، پی پی پی اور جمعیت علماء اسلام ف سمیت دیگر جماعتوں نے دعویٰ کیا تھا کہ مینار پاکستان کا جلسہ ملکی سیاست کے مستقبل کا تعین کرے گا کیونکہ عوام بڑی تعداد میں شریک ہوں گے مگر ایسا نہ ہوسکا۔
پاکستان ڈیموکریٹک موؤمنٹ اور مسلم لیگ ن سمیت پی پی کی رہنما شہلا رضا نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر پرانی تصویر شیئر کر کے یہ دکھانے کی کوشش کی کہ پنڈال میں تل دھرنے کی جگہ نہیں ہے۔
مسلم لیگ ن کی جانب سے یہ تصویر رکن اسمبلی مائزہ حمید اور سابق وفاقی وزیر عابد شیر علی کے اکاؤنٹ سے کی گئی۔ جس میں یہی بتایا گیا کہ یہ آج کے پرگرام کی تصویر ہے۔
We’re honoured. Thank you for using our pictures, at least you’ve all accepted. pic.twitter.com/2cLOgkB0UM
— Sayed Z Bukhari (@sayedzbukhari) December 13, 2020
مائزہ حمید اور عابد شیر علی نے 2014 میں ہونے والے تحریک انصاف کے جلسے کی تصویر کو آج کے جلسے سے جوڑنے کی کوشش کی جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما شہلا رضا نے خادم رضوی کے جنازے کو پی ڈی ایم کا جلسہ بتایا۔
وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے سمندر پاکستانی اور سیاحت ذلفی بخاری نے ٹویٹر پر شیئر ہونے والی تصاویر کا کچا چٹھا کھولا اور انکشاف کیا کہ یہ تحریک انصاف کا 2014 میں ہونے والا لاہور کا جلسہ ہے۔
انہوں نے لکھا کہ ’ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ آپ نے ہمارے جلسے کی تصاویر شیئر کیں اور اعتراف کیا کہ لوگ موجود تھے‘۔
آزاد ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ لاہور میں ہونے والی پی ڈی ایم کی ریلی میں 9 سے 10 ہزار کے قریب لوگ موجود تھے۔