کراچی: کوروناوائرس کی ویکسین سے متعلق سندھ حکومت نے وفاقی حکومت سے رابطہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیرصحت سندھ ڈاکٹر عذراپیچوہو نے وفاقی حکومت کو خط لکھ دیا جس میں وفاق سے سوال کیا گیا ہے کہ کورونا ویکسین کے سلسلے میں صوبوں کی کیا مدد کی جائے گی؟۔
خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ وفاق کی مدد کے بغیر ویکسین کے مرحلے میں کامیابی حاصل نہیں کرسکتے، اس وقت کورونا کی دوسرے لہرمیں شدت بھی زیادہ ہے، این سی اوسی کے مطابق پاکستان میں ویکسین آئندہ سال مارچ تک آجائے گی، سندھ کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسین کتنی تعداد میں دی جائے گی؟۔
عذراپیچوہو نے خط میں لکھا کہ ویکسین مراحل کے لیے ہمارے موجودہ سسٹم کو مزید بہتر کرنے کی ضرورت ہے، موجودہ سسٹم کے تحت ویکسین کے خاطرخواہ نتائج حاصل نہیں ہوسکیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ویکسین کے سے متعلق ہم نے سندھ کے ہیلتھ سسٹم کاجائزہ لیا ہے، صوبوں کو لاجسٹک، کولڈاسٹوریج اور پروٹوکول کے حوالے سے مدد فراہم کی جائے۔
خیال رہے کہ وزیرصحت سندھ نے حالیہ دنوں وفاق سے گلہ کیا تھا کہ ویکسین سے متعلق صوبوں کو اعتماد میں نہیں لیا جارہا اور نہ ہی کسی پلان پر بات چیت کی جارہی ہے۔