گوجرانوالہ: پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں زیر تعمیر 2 منزلہ عمارت زمین بوس ہوگئی۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق گوجرانوالہ کے علاقے گوندلانوالہ روڈ پر زیر تعمیر 2 منزلہ عمارت اچانک زمین بوس ہوگئی، عمارت کی گرنے کی فوٹیج منظرعام پر آگئی۔
پولیس کے مطابق عمارت پرانی دیواروں پر کھڑی کی گئی تھی، انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پرانی دیواریں 2 منزلہ عمارت کا وزن برداشت نہ کرسکی اور زمین بوس ہوگئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کے وقت عمارت میں کوئی موجود نہیں تھا۔
واضح رہے کہ چند ماہ قبل لاہور کے علاقے میٹھا بازار میں تین منزلہ عمارت زمین بوس ہوگئی، ملبے تلے دب کر ایک شخص جاں بحق ہوگیا، امدادی ٹیموں نے زمین بوس ہونے والے مکان سے متصل عمارتوں کو کلئیر قرار دے دیا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ اولڈ سٹی اتھارٹی نے واقعہ کی تحقیقات شروع کردی ہیں متاثرہ خاندان اگر کسی کے خلاف کارروائی کروانا چاہے گا تو اس کے لئے پولیس تیار ہے۔